بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس اونیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور کرناٹک میں کانگریس امور کے انچارج کے سی وینو گوپال کے خلاف جنسی ہراسانی کے ایک کیس میں کیرلا پولیس کی کرائم برانچ نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
وینو گوپال کے خلاف جنسی ہراسانی کا یہ کیس کافی عرصے سے موضوع بحث رہا ہے۔ اس کیس میں کیرلا پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد انہیں ریاستی کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری کے عہدے سے برطرف کرنے کی مانگ شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔
آج ریاستی بی جے پی کے ترجمان اور سابق وزیر سریش کمار نے کے سی وینو گوپال کے خلاف لگنے والے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ان الزامات میں وہ اپنے آپ کو بری الذمہ قرار نہ دلادیں اس وقت تک انہیں کسی بھی پارٹی کے عہدے پر نہیں رہنا چاہئے۔ سریش کمار نے کہاکہ وینو گوپال کے خلاف 2013کے سولار ایسکیام میں کلیدی ملزم کے طور پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایس پرکاش نے کہا ہے کہ فوری طور پر وینو گوپال کو کانگریس جنرل سکریٹری کے عہدے سے برخاست کیا جائے اور خواتین کے تحفظ کے متعلق راہل گاندھی جو بیانات دیتے ہیں اگر ان کو لے کر وہ سنجیدہ ہیں تو وینو گوپال کو ہدایت دی جائے کہ وہ اپنے تمام عہدوں سے کم از کم ا س وقت نہ رہیں جب تک کے ان کیسوں میں بری نہیں ہوجاتے۔